بنگلورو:22/مئی (ایس او نیوز) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج برائے کرناٹک وینو گوپال نے کہاکہ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کیلئے نئے صدر کے تقرر کا فیصلہ رواں ماہ کے اواخر تک لے لیا جائے گا۔ اضلاع کے کانگریس لیڈروں سے ملاقات کے سلسلے میں پانچ روزہ دورہئ بنگلور پر آمد کے بعد کمار کروپا گیسٹ ہاؤز میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کے پی سی سی صدر کے عہدہ پر کسی اور کو مقرر کرنا ہے یا پھر کوئی اور فیصلہ کرنا ہے اس سلسلے میں اعلیٰ کمان رواں ماہ کے آخر میں فیصلہ لے گی۔انہوں نے کہاکہ ابھی یہ بھی نہیں طے ہوا ہے کہ کے پی سی سی صدارت کیلئے کسی اور کو مقرر کیاجائے یا پھر موجودہ صدر ڈاکٹر پرمیشور کو برقرار رکھا جائے۔ اس سلسلے میں میڈیا کی طرف سے ظاہر کئے جارہے تجسس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وینو گوپال نے کہاکہ کانگریس پارٹی میں اعلیٰ کمان کا ایک نظام موجود ہے،جس کے تحت سبھی فیصلے لئے جاتے ہیں۔سڑکوں پر کھڑے رہ کر میڈیا کے کہنے کے مطابق فیصلے نہیں کئے جاسکتے۔ رواں ماہ کے اختتام تک اس سلسلے میں فیصلے کی وہ وضاحت کرچکے ہیں، دوبارہ اس سلسلے میں استفسار کرنا فضول ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی میں جو چھوٹے موٹے اختلافات ہیں ان تمام کو نمٹانے کیلئے وہ آج سے پانچ دن تک شہر میں قیام کریں گے اور اضلاع کے تمام لیڈروں کو طلب کرکے ان سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی سے اگر پارٹی کے داخلی مسائل کو سلجھالیا جائے گا تو آنے والے دنوں میں پارٹی کارکن متحد ہوکر کام کرسکیں گے۔ اس موقع پر وینو گوپال نے شیوانندا سرکل میں موجود جناردھن ہوٹل پہنچ کر اپنے چار اے آئی سی سی سکریٹریوں کے ہمراہ ناشتہ کیااور سیدھے کے پی سی سی دفتر پہنچے۔